25 اگست 2014 - 07:19
یمن میں حکومت مخالف مظاہرین کا ملین مارچ

یمن میں الحوثیوں اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کے بعد دسیوں ہزار حریف مظاہرین دارالحکومت صنعا کی سڑکوں پر نکل آئے۔

اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق یمن میں الحوثیوں اور حکومت کے درمیان مذاکرات کی ناکامی کے بعد دسیوں ہزار حریف مظاہرین دارالحکومت صنعا کی سڑکوں پر نکل آئے۔ گزشتہ چند ہفتوں سے صنعا میں حوثیوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے اور وہ ہر روز حکومت مخالف ریلیاں نکال رہے ہیں۔

اتوار کو حکومت مخالف اور حکومت نواز رہنماؤں نے اپنے حامیوں سے صنعا میں منعقد ہونے والی ریلیوں میں شرکت کے لیے کہا تھا۔

حکومت مخالف مظاہرین نے جنہیں حوثیوں کی حمایت حاصل ہے دارالحکومت کے شمال میں ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا، تاہم حریف مظاہرین کے درمیان کسی طرح کے تصادم کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔

اتوار کو اس سے قبل حکومتی مذاکراتی ٹیم کے ترجمان عبدالملک المخلافی نے اعلان کیا کہ حوثیوں نے حکومت کی جانب سے پیش کی گئی تمام تجویزوں کو مسترد کر دیا ہے، لہذا مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں۔

حوثی تحریک کے سربراہ عبدالملک الحوثی نے بارہا اپنے اس مطالبہ کو دوہرایا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ کو واپس لیا جائے اور حکومت کو تحلیل کیا جائے، انہوں کہا ہے کہ اگر ان کے یہ مطالبات پورے نہیں کیے گئے تو وہ سول نافرمانی میں توسیع کریں گے۔

غور طلب ہے کہ حوثی تحریک کے رہنماؤں نے متعدد بار کہا ہے کہ وہ پر امن طریقے سے حکومت سے اقتدار سے علیحدہ ہونے کا مطالبہ کر رہے ہیں، تاہم ان کا کہنا ہے کہ اگر سیکورٹی فورسز نے ان پر حملہ کیا تو ان کے پاس اپنے دفاع کا حق محفوظ ہے۔
.......

/169